سری نگر// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سری نگر کے سیول لائنز میں ہر اتوار کو لگنے والا مشہور سنڈے مارکیٹ ایک ہفتے کے بعد دوبارہ کھل گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ 13مارچ کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مشہور سنڈے مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سستی قیمتوں کی فروخت کے لئے مشہور اس مارکیٹ میں اپنا سامان سجانے اور فروخت کرنے والے ریڈہ بانوں نے انتظامیہ کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ اُنہیں دوبارہ یہاں پر ریڈیاں لگانے کی اجازت دی گئی۔
ٰیو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار، جنہوں نے اتوار کو اس مشہور مارکیٹ کا دورہ کیا، کے مطابق ریڈہ بانوں نے اس مارکیٹ میں اپنا سامان سجایا تھا۔
سنڈے مارکیٹ میں موجود خریداروں نے یو این آئی اردو کے نامہ نگار کو بتایا کہ وہ سنڈے مارکیٹ کو کھلا دیکھ کر کافی خوش ہو گئے۔
سنڈے مارکیٹ میں وادی کے اطرا ف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں نے جم کر خریداری کی۔
ادھر ذرائع نے بتایاسنڈے مارکیٹ کے پیش نظرٹی آر سی کراسنگ سے لے کر ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ تک جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ لالچوک اور اس کے گرد نواح میں دن بھر سیکورٹی فورسز نے راہگیروں کی جامہ تلاشی لی اور اُن کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بھیڑ کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے اور مشتبہ افراد کو روک کر اُنہیں تلاشی کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی جارہی تھی۔
بتادیں کہ سری نگر کے سیول لائنز میں ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ لگتا ہے جس میں سینکڑوں ریڑہ بان ضرورت زندگی کی مختلف چیزیں بالخصوص ملبوسات سستے داموں فروخت کرتے ہیں۔