سری نگر// سری نگر جموں شاہراہ پر چملواس بانہال کے نزدیک سیمنٹ سے بھری ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پیر کی شام کو قریباً ساڑھے دس بجے چملواس کے نزدیک سیمنٹ سے بھری ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لڑھک گئی ۔
اُن کے مطابق این جی او بانہال کے رضاکار اور پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور زخمی ڈرائیور کو فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر بانہال اسپتال پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرائیورکی شناخت سرمہ ولد نائیک رام ساکن رام نگر اُدھم پور کے بطور ہوئی ہے۔
بتادیں کہ سری نگر جموں شاہراہ پر پیر کی شام سے بارشیں شروع ہوئیں جس وجہ سے شاہراہ پر جگہ جگہ پھسلن پیدا ہوئی ہے۔
محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں سے تلقین کی ہے کہ وہ ایک دوسرے پر سبقت لینے سے گریز کیں کیونکہ شاہراہ پر جگہ جگہ پھسلن پیدا ہوئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فی الحال جموں سری نگر شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھلی ہے۔