سری نگر//سری نگر جموں شاہراہ پر ناچلانہ رام بن کے نزدیک ٹرک اور سومو کے درمیان بھیانک ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سنیچر دیر شام ناچلانہ رام بن کے نزدیک ٹرک اور سومو کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور این جی او بانہال سے وابستہ رضا کار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر بانہال اسپتال پہنچایا ۔
اُن کے مطابق حادثے میں زخمی ہوا محمد شفیع گوجر ولد محمد اسماعیل ساکن رامسو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ہے۔
مذکورہ عہدیدار نے زخمیوں کی شناخت منظور احمد ، محمد امین اور ہلال احمد کے بطور کی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔