سری لنکا کی ٹیم205 رنز پر سمیٹ گئی

ناگپور، 24 نومبر (یو این آئی) آف اسپنر روی چندرن اشون، لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ اور فاسٹ بالر ایشانت شرما نے بہترین بالنگ کا نمونہ پیش کرتے ہوئے سری لنکا کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن کل جمعہ کو 79.1 اوور میں 205 رن پر سمیٹ دیا۔  سری لنکا نے ٹاس جیتنے سے قبل پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ایشانت نے سری لنکا کے اوپنرز کو نپٹایا۔ اشون اور جڈیجہ درمیانی اور آخری آرڈر کے بلے بازوں کو سمیٹا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈن کے مقابلے میں ناگپور کے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے میدان پر اسپنروں کو اچھی مدد ملی جس کا فائدہ دونوں ہندوستانی اسپنروں اشون اور جڈیجہ نے اٹھایا۔ ایشانت نے 14 اوور میں 37 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے جبکہ کولکتہ میں صرف آٹھ اوور ڈال کر خالی ہاتھ رہنے والے اشون نے اس بار 28.1 اوور میں 67 رن دے کر سب سے زیادہ چار وکٹ حاصل کئے ۔ کولکتہ کے پورے میچ میں صرف دو اوور ڈالنے والے جڈیجہ نے بھی 21 اوور کی گیند بازی کی اور 56 رن دے کر تین وکٹ لئے ۔  سری لنکا کی جانب سے اوپنر دمتھ کرونارتنے نے 147 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 51 رن بنائے ۔ اس کے ساتھ ہی کرونارتنے نے 2017 میں 1،000 رنز مکمل کرلئے ۔اس سال یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ دوسرے بلے باز ہیں۔ کپتان دینش چنڈیمل نے 122 گیندوں میں چار چار اور ایک چھ کی مدد سے 57 رن بنائے ۔ اپنی اننگ کے دوران چنڈیمل نے 22 واں رن بنانے کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 3000 رن بھی پورے کر لیے ناگ پور کے پچ کے لئے یہ کہا گیا تھا کہ یہ تیز رفتار گیندبازوں کی زیادہ مدد کرے گی۔تاہم یہ پچ کولکتہ سے کم گھاس والی تھی ۔ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے ٹورنامنٹ کے لئے تیز رفتار پچ کا مطالبہ کیا۔کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں تیز گیند بازحاوی رہے تھے اور ہندستان آخری دن فتح سے صرف تین وکٹ دور رہ گیا تھا۔ کولکتہ میں کامیاب رہے فاسٹ بولر بھونیشور کمار اپنی شادی کی وجہ سے اس میچ سے ہٹ گئے جبکہ محمد سمیع کو چوٹ کی وجہ سے اس میچ سے ہٹنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ ہندستان نے بھونیشور کے متبادل کے طور پر تمل ناڈو کے آل راؤنڈر وجے شنکر کو ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن انھیں آخری الیون میں جگہ نہیں ملی اور ایشانت دہلی کے لیے رنجی میچ کھیل کر براہ راست آخری الیون میں پہنچ گئے ۔ ہندستان دو تیز گیند بازوں اور دو اسپنروں کے ساتھ اس میچ میں اترا اور اس نے روہت شرما کے طور پر ایک اضافی بلے باز شامل کیا ۔ سری لنکا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔