کولمبو// مسیحی روحانی پیشوا پوپ فرانسس ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن ، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت عالمی برداری نے سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں بم دھماکوں میں 200 سے زائد افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔پوپ فرانسس نے سری لنکا میں بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج صبح ایسٹر کے موقع پر ہونے والے حملے کی افسوسناک خبر ملی جو اپنے ہمراہ دکھ و درد لے کر آئی۔ویٹیکن میں ایسٹر پر روایتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں حملے کا نشانہ بننے والی مسیحی برادری سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، اس بھیانک واقعے کے متاثرین ہماری دعاؤں کا حصہ ہیں۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں خوفناک دہشت گرد حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور متاثرین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سری لنکا میں سفاکانہ حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر کیے گئے دھماکوں کے سلسلے میں200 سے زائد افراد کی ہلاکت پر امریکا، سری لنکا سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور ہم سری لنکا کی مدد کے لیے تیار ہیں۔برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا کہ سری لنکا میں چرچوں اور ہوٹلوں پر شدت پسندی کی کارروائی ہولناک ہے اور اس مشکل وقت میں، میں تمام متاثرین سے دل کی گہرائیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ساتھ کھڑے ہونا ہو گا تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ کسی کو کبھی بھی خوف و دہشت کے سائے میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی نہ کرنا پڑی۔ایک ماہ قبل خود دہشت گردی کا شکار ہونے والے نیوزی لینڈ نے بھی اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ طرز عمل قرار دیا۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور 15مارچ کو ہماری سرزمین پر حملے سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے، سری لنکا میں ہوٹلوں اور چرچوں پر حملہ انتہائی دردناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ہر طرز کی انتہا پسندی کو مسترد کرتا ہے اور مذہبی آزادی اور باحفاظت عبادت پر یقین رکھتا ہے، اس طرح کے واقعات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اس طرح کے ظلم کے لیے کوئی جگہ نہیں، بھارت، سری لنکا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔یورپی یونین کے کمیشن جین کلاڈ جنکر نے ان حملوں پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موغیرنی نے اس دنیا کے لیے برا دن قرار دیا۔