سرینگر// نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا گیا ۔ ویب سائٹ کو ہیک کرنے والے پاکستانی ہیکرز گروپ نے اس پر ’فری کشمیر‘ کے عنوان سے ایک طویل پیغام پوسٹ کردیا ہے۔ تاہم این آئی ٹی انتظامیہ کی جانب سے ویب سائٹ کو منگل سہ پہر ساڑھے تین بجے بحال کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ویب سائٹ کو گذشتہ شام ’ٹیم پاک سائبر سکلز‘ نامی پاکستانی ہیکرز گروپ نے ہیک کرکے اس پر کشمیر کی آزادی سے متعلق نعرے اور ایک طویل پیغام پوسٹ کیا تھا۔ ہیک کئے جانے کے بعد این آئی ٹی انتظامیہ نے ویب سائٹ تک رسائی معطل کردی تھی۔ ہیکرز کی جانب سے ویب سائٹ پر پوسٹ کئے گئے پیغام میں کہا گیا تھا ’کیا آپ جانتے ہو کہ آپ کو ہیک کیوں کیا گیا ہے۔ فری کشمیر۔ آزادی ہمارا مقصد ہے‘۔ ہیکرز نے لکھا تھا ’کشمیر فوجی گورننس نہیں چاہتا ، بچوں کو مارنا، خواتین کی عزتوں کو پامال کرنا اور مردوںکو قیدی بنانا بندو کرو۔ وہ صرف آزادی چاہتے ہیں۔ بھارتی ملٹری سے آزادی چاہتے ہیں‘۔