سرینگر//خزانہ ، محنت و روز گار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت شہر سرینگر کی شانِ رفتہ بحال کرنے کی وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام شدو مد سے جاری ہے ۔ سرینگر کو وادی کشمیر کا تاج کہلاتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت شہر میں رہنے والے لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات اور صاف و شفاف ماحول فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ ان باتوں کا اظہار الطاف بخاری نے شہر سرینگر کے اُن لوگوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جو اُن سے ملنے کیلئے آئے تھے ۔امیرا کدل ، خانیار ، درگاہ ، بمنہ ، ڈلگیٹ ، سونہ وار ، چاڈورہ ، حیدر پورہ ، نوگام ، پارمپورہ و دیگر ملحقہ علاقوں سے وزیر کو اپنے درپیش مسائل سے واقفیت دلانے کیلئے آئے تھے ۔ بخاری نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل سے واقف ہے اور لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کی پہچان شفافیت اور جوابدہی ہے اور کسی بھی قسم کی رشوت خوری کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔