سرینگر//انڈین اوئل کارپوریشن نے سرینگر میں5کلو وزنی بغیر رعایت سلنڈروں کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ طلاب اور غیریاستی باشندوں کے علاوہ چھوٹی تقریبات اور سیر و تفریح کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ سلنڈر ر بازار میں لائے گئے ہیں۔سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں بدھ کو کمپنی نے5کلو وزنی سلنڈروں کو ایک تقریب کے دوران منظر عام پر لایا۔اس موقعہ پرایک تقریب کے دوران کمپنی کے جنرل منیجر پنجاب جگدیپ کمار کے علاوہ چیف ایریا منیجر جموں اے کے مہر بھی موجود تھے۔ جگدیپ کمار نے کہا کہ یہ سلنڈر جموں کشمیر میں ہر جگہ پر دستیاب رہیں گے،جبکہ انکی حصولیابی کیلئے کسی خاص قسم کے دستاویزات جمع نہیں کرانے ہونگے،بلکہ صرف شناختی کارڑوں پر یہ فرہم کیں جائے گے۔انہوں نے کہا کہ پہلا سلنڈر1361روپے میں دستیاب ہوگا،جبکہ اس میں گیس کی قیمت417روپے50پیسہ ہوگی،اور یہ قیمت بازار میں تیل کی قیمت میں اُتار چڑھاﺅ کے ساتھ تبدیل ہوتی رہے گی۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے جگدیپ کمار نے کہا کہ ان سلنڈروں پر کوئی بھی رعایت نہیں دی جائے گی اور ایک ماہ میں جتنی مرتبہ انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت پڑے گی،اتنی مرتبہ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں150سیلز پوائنٹ یا فروخت مراکز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،جس میںوقت کے ساتھ اضافہ کیا جاسکتا ہے،جبکہ آسانی کے ساتھ دستیابی کیلئے پیٹرول پمپوں پر بھی یہ دستیاب رہیں گے۔کمار نے دعویٰ کیا کہ یہ سلنڈر پہلے والے سلنڈروں سے محفوظ رہیں گے،بلکہ ان سے حادثات کا خطرہ بھی ختم ہوگا،کیونکہ اس میں وہی معیار اپنایا گیا ہے،جو بڑے سلنڈروں میں اپنایا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اصل میں بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے لوگوں،دوسری جگہ پر رہائش پذیر طلاب اور ملازمین کے علاوہ تفریح و تقریبات کے مواقع مد نظر رکھتے ہوئے ان سلنڈروں کو تیار کیا گیا ہے۔