سرینگر//پولیس نے سرینگر میںایک سال سے سرگرم گاڑی چور کو گرفتار رکے چرائی گئی 3 گاڑیاں برآمد کیں۔ 2مئی 2018کو پولیس تھانہ کرن نگر میں غلام احمد پُر زہ گر ولد عبدالعزیز ساکنہ توحید آباد نوشہرہ صورہ سرینگر ،جس کی گول مارکیٹ کرن نگر میں دکان ہے ،نے شکایت درج کرائی کہ اُس کی آلٹو کار زیر نمبر Jk01H-9009چوروں نے اڑا لی۔ اس ضمن میں کرن نگر پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 19/2018زیر دفعہ 379آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔ ایس ڈی پی او شہید گنج کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ کرن نگر کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ۔ ٹیم نے تمام تروسائل او ر جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جس دوران پتہ چلا کہ چور آلٹوکار کو بارہمولہ پہنچایا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ایک شخص مشتاق احمد لون ساکنہ بارہمولہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی ۔ دوران تفتیش گرفتار شخص نے اپنا جرم قبول کیا اور اُس کی نشاندہی پر چُرائی گئی 3گاڑیاں ، آلٹو زیر نمبر JK01H-9009اور آلٹو کار زیر نمبر Jk02AE-3878کو برآمد کیا گیاجبکہ ایف آئی آر زیر نمبر 24/2017کے تحت اُڑائی گئی گاڑی بھی برآمد کی گئی ۔کار چور ضلع سرینگر میں پچھلے ایک سال سے سرگرم تھااورچُرائی گئی گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ تبدیل کرکے انہیں فروخت کیا کرتا تھا۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔