سرینگر// جھیل ڈل اور اس کے گرد و نواح میں غیر قانونی تعمیرات کو منہمدم کرنے کی کارروائی جاری رکھتے ہوئے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لائوڈا ) نے سنیچر کو لشکری محلہ این ایف آر،کرالہ سنگری اور سید باغ سعدہ کدل میں متعدد رڈھانچوں کو ہٹا لیا جن میں ایک یک منزلہ اور ایک دو منزلہ مکان بھی شامل ہیں ۔یہ تعمیرات غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے تھے ۔اس موقعہ پر کچھ لوگوں کی طرف سے مزاحمت بھی ہوئی اور لائوڈا ٹیم پر پتھرائو ہوا جس میں کئی اہلکاروں کو چوٹیں بھی آئیں ۔لائوڈا کے بیان کے مطابق موجودہ کورونا صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا کر کچھ خود غرض افراد قوانین کی خلاف ورزی کرکے تعمیرات کھڑا کررہے ہیں تاہم ان کے خلاف مہم جاری رہے گی ۔لائوڈا کے ترجمان نے بتایا کہ غیر قانونی طور ڈھانچے تعمیر کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور انہدامی کارروائی جاری رہے گی ۔لاوڈا نے ٹپرمالکان اور تعمیراتی میٹریل لے جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ڈل اور نگین جھیلوں اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بغیر اجازت تعمیراتی میٹریل لے جانے سے باز آجائیں ۔