سرینگر میں بچوں کی ٹیکہ کاری مہم

سری نگر// ایڈیشنل سیکرٹر ی صحت و طبی تعلیم وویک بھارد واج نے کل صوبہ کشمیر کے 15سے 18برس تک عمر کے بچوں کے لئے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر میں ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اَسد ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹرمشتاق احمد راتھر، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین ، سی ایم او سر ی نگر ، ڈی ایچ او سری نگر کے علاوہ محکمہ صحت اور تعلیم کے دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموں صو بہ میں 308اور کشمیر صوبہ میں 514 مقامات پر ٹیکہ کاری مہم میں 8لاکھ سے زائد بچوں کو ٹیکہ لگانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ سکولی تعلیم اور ضلع اِنتظامیہ سری نگر کے ساتھ مل کر ایک حکمت عملی تیار کی گئی تاکہ وہ بچوں اور ٹیکہ کاری مہم کے لئے جگہوں کی نشاندہی کر سکیں۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمیں پہلے ہی تقریباً 3لاکھ ویکسین مل چکی ہیں ۔ ہمیں اُمید ہے کہ ہم قلیل مدت میں ٹیکہ کاری مہم مکمل کریں گے ۔ ہم جلد ہی ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کرلیں گے۔‘‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ اِنتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے کیوں کہ آئی سی یو، وینٹی لیٹروں مع بستروں کی تعداد میں کئی گنا اِضافہ اور اِس کے علاوہ آکسیجن کی فراہمی میں 10گنا اِضافہ کیا گیاہے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ 15سے 18برس تک کی عمل کے بچوں کو ٹیکے لگوانے سے بچے محفوظ رہیں گے ۔بعد میں ڈائریکٹر نے کئی ٹیکہ کاری مقاما ت کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف ایکسی لینس میں ٹیکہ کاری مقام کا بھی اِفتتاح کیا۔ دریں اثنا ٹیکہ لگانے کی مہم کے پہلے دِن وادی کشمیر میں 1,172 سیشن سائٹس پر 15 سے 18 برس تک عمر کے 22,905 بچوں کو پہلا کووِڈ مخالف ٹیکے لگائے گئے۔