کنگن// سرینگر لداخ شاہراہ کو مارچ کے آخری ہفتے میں آمدو رفت کیلئے بحال کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بیکن حکام نے کہا کہ زیرو پوائنٹ کے نزدیک برف ہٹانے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔اس شاہراہ کو دسمبر2019 میں آمدورفت کے لئے بند کردیاگیاتھا۔ شاہراہ کے دونوں طرف سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں جوشاہراہ بحال نہ ہونے کی وجہ سے واپس لوٹ گئیں۔رواں سال بھاری برفباری ہونے کے باوجود باڈر روڈ آرگنائزیشن اوربیکن پروجیکٹ نے قبل از وقت برف ہٹانے کا کام شروع کیا جو 21مارچ سے شروع ہوتا تھا۔بیکن کے ایک افسرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں طرف سے زیرو پوائنٹ پر برف ہٹانے کاکام شدومد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو پوائنٹ کے نزدیک بھاری برفانی تودہ موجود ہونے سے کام میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر موسم سازگار رہا تو مارچ کے آخری ہفتے میں شاہراہ کو آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔