کنگن//434کلو میٹر سرینگر لداخ شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔گذشتہ روز ہوئی برفباری کے بعد حکام نے 434کلو میٹر طویل سرینگر لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کردیا تھا جس کے نتیجے میں سرینگر سونہ مرگ شاہراہ کے مختلف مقامات جن میں وسن، گگن گیر اور سونہ مرگ میں ایک سو سے زائد مال بردار گاڑیاں درماندہ پڑی ہیں۔ سوموار کو موسم میں آئی بہتری کے بعد پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔ معلوم ہواہے کہ اگر موسم سازگار رہا تو آج شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا اور درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس سرینگر لداخ شاہراہ کو 31دسمبر کو بھاری برفباری کے بعد آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا ۔شام دیر گئے ایس ڈی ایم دراس اصغر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی شام کو زوجلا سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا اور منگل کو سونہ مرگ سے کرگل کی طرف گاڑیوں کو اجازت ہوگی۔ انہوں نے بتایا ’ میں نے خود زوجلا کادورہ کر کے سڑک سے برف ہٹانے کا جائزہ لیا۔