سرینگر//سرینگر شہر میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس سے 14ہزار376افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 1512افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے سرینگر پہنچے جبکہ 12ہزار864افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی جہ سے وائرس میں مبتلا ہوئے۔ ایک ماہ کے دوران شہر میں 64افراد وائرس سے فوت ہوئے ۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق یکم اپریل کو جموں و کشمیر میں 29ہزار 62افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے لیکن 30دنوں کے دوران متاثرین کی تعداد میں 14ہزار376افراد کا اضافہ ہوا، اور یہ تعداد 43ہزار 438ہوگئی ہے۔ یکم اپریل کو سفر کرکے سرینگر پہنچنے والے افراد کی تعداد 3ہزار 137تھی لیکن اس میں بھی 30دنوں کے دوران 1512افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 4ہزار649تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر میں زبرردست شدت کے دوران مقامی سطح پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد وائرس سے متاثر ہوئی ہے۔ یکم اپریل کو مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 25ہزار925تھی اور ایک ماہ کے دوران 12ہزار864کا اضافہ ہوا ہے ۔اسطرح یہ تعداد ایک ماہ کے دوران 43ہزار 438تک پہنچ گئی ہے۔ یکم اپریل کو سرینگر شہر میں سرگرم معاملات کی تعداد 1051تھی۔ ایک ماہ کے دوران ان میں 700فیصد اضافہ ہوا ہے اور اب سرگرم معاملات کی تعداد 8ہزار346تک پہنچ گئی ہے۔ سرینگر شہر میں جنوری اور فروری مہینے کے دوران ہونے والی اموات میں کمی کے بعد اپریل میں ایک مرتبہ پھر اموات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور شہر میں ایک ماہ کے دوران 64افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں۔ یکم اپریل کو شہر میں متوفین کی تعداد 472تھی لیکن یہ 30اپریل کو 536تک پہنچ گئی تھی۔