سرینگر جموں شاہراہ 12گھنٹوں کے بعد بحال

بانہال// ادہمپور کے سمرولی علاقے میں پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے بند شاہراہ کو 12گھنٹوں کے بعد قابل آمد و رفت بنایا گیا اوربانہال فورلین ٹنل سے لیکر رام بن تک متعدد مقامات پر جموں جانے والے درماندہ ٹرکوں کو نکلنے کی اجازت دی گئی ۔شاہراہ کوبدھ کی شام قریب7 بجے  بند کیا گیا تھا۔ دیول سمرولی کے علاقے میں شاہراہ مجموعی طور پر 13 گھنٹوں کیلئے بند رہی ۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح قریب سات بجے سمرولی علاقے میں شاہراہ کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی شام زیر تعمیر فورلین شاہراہ پر پہاڑی کا ایک بڑا حصہ گر آیا جس کی وجہ سے ٹریفک بند ہوگیا اور ادہمپور اور بانہال کے درمیان سینکڑوں ٹرک اور مقامی ٹریفک رات بھر درماندہ ہوکر رہ گیا۔  جمعرات کی صبح سے شاہراہ کی بحالی کے بعد شدید ٹریفک جام رہا اوریہ سلسلہ جمعرات سہ پہر تک جاری رہا ۔