سرینگر// سرینگر ہوائی اڈے کے حکام نے جمعہ کو سیاحوں کی چارٹر پروازوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہوائی اڈے پر ہیلی کاپٹروں کی نائٹ پارکنگ کیلئے درخواست کی فیس میں نصف کمی کا اعلان کیا۔جموں وکشمیر میں اس وقت سیاحتی سیزن جوبن پر ہے اور بڑی تعداد میں سیاحوں کی کشمیر آمد متوقع بھی ہے کیونکہ وادی بھر کے ہاوس بوٹ اور ہوٹل بک ہو چکے ہیں ۔سیاحوں کو کشمیر راغب کرنے کی خاطر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔اس بیچ سرینگر ہوائی اڈے کے حکام نے ہیلی کاپٹر سروس چلانے والوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے نائٹ پارکنگ کی فیس میں 50فیصد کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کہاکہ انہوں نے ہیلی کاپٹروں کی نائٹ پارکنگ کیلئے درخواست کی فیس میں 50فیصد تک کمی کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر ٓاپریٹرز کو نائٹ پارکنگ کی اجازت کے لیے درخواست کے ساتھ ٹیکس کے علاوہ 50 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔