بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر خونی نالہ کے نزدیک اتوار کی صبح بیرون ریاستی مزدوروں سے کھچا کھچ بھری بس کو حادثہ پیش آیا تاہم اس میں سوار مزدور بال بال بچ گئے۔البتہ حادثے میں8 افراد زخمی ہوئے ، جن میں سے ایک لڑکے کی ایک بازو کٹ کر جسم سے الگ ہوگئی ۔ یہ حادثہ رام بن سے قریب15 کلومیٹر دور خونی نالہ پل کے قریب اتوار کی صبح پیش آیا۔ اترپردیش کے مزدوروں سے بھری یہ بس جموں سے بڈگام کی طرف جارہی تھی ۔ خونی نالہ کے مقام پر ڈرائیور بس پر قابو کھو بیٹھا اور بس سڑک پر ہی پلٹ گئی اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ اس مقام پر سڑک سے نیچے پانچ سو فٹ گہری کھائی منہ کھولے کھڑی ہے ۔ شاہراہ پر خونی نالہ پل کے پاس یہ حادثہ ایک زیر تعمیر فورلین ٹنل کے سامنے پیش آیا۔ بس زیر نمبر JK-02BA/1881 لکھنپور سے بڈگام کی طرف جارہی تھی۔ اس میں اترپردیش کے بریلی سے تعلق رکھنے والے مزدوروں میں35 مرد اور 20 خواتین کے علاوہ 27 بچے بھی سوار تھے ۔