جموں//قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے ایک میٹنگ میں جموں اور سرینگر کے ہوسٹلوں میں کرگل خطے کے طلباء کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَپ گریڈیشن اور جموں اور سرینگر میں یوتھ ہوسٹلوں کے رکھ رکھائو میں بہتری لانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے لنگنک ہوسٹل میں ترجیحی بنیادوں پر سہولیات میں بہتری لانے کے احکامات دئیے ۔ اُنہوں نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین کو قبائیلی امور محکمہ کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ طے کرنے کی ہدایت دی۔ تاکہ اِن ہوسٹلوں کو طلباء کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔کونسل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر نے کہا کہ ان ہوسٹلوں کے اثاثوں کے رکھ رکھائو ، عملے کی تعیناتی اور داخلوں سے متعلق کنٹرول خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کو ہوگا۔سیکرٹری قبائلی امور نے کہاکہ ہوسٹلوں میں خدمات میں بہتری کے حوالے سے قوانین تشکیل دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے جموں میں گرلز ہوسٹل کو قبائلی امور محکمہ کے حد اختیار میں رکھنے پر زور دیا۔مختلف طلباء انجمنوں نے سکالر شپ کی منظوری کے لئے فارم بھرنے کی تاریخوں میں توسیع کی مانگ کی جس کے جواب میں سیکرٹری موصوف نے کہا کہ آخری تاریخ محکمہ کی ویب سائٹ پر مشتہر کیا جائے گا۔محکمہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ موجودہ سال کے پہلے سکالرشپ کو واگزار کیا جارہا ہے جس کے بعد گزشتہ واجبات کو بھی واگزار کیا جائے گا۔میٹنگ میں لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے سی ای سی فیروز احمدخان، سیکرٹری قبائلی امور ، ایگزیکٹیو کونسلر سیاحت اور دیگر کونسلران سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔