جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منصوبہ سازوں اور پروجیکٹ مرتب کرنے والی ایجنسیوںسے کہا کہ وہ جموں اور سرینگر شہروں میں بنیادی ڈھانچے کو وسعت اور بڑھاوادینے کے لئے پروجیکٹ مرتب کرتے وقت ان دو شہروں کی ثقافتی اور ہیرٹیج اہمیت کو ملحوظ نظر رکھا کریں۔وزیرا علیٰ جموں میںمکانات و شہری ترقی محکمہ کی طرف سے ان دو شہروں میں عملائے جارہے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعدافسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہی تھیں۔وزیرا علیٰ نے منصوبہ سازوں سے کہا کہ وہ جموں اور سرینگر شہروں میں مزید سبزہ زار قائم کرنے کے ساتھ ساتھ واک ویزکی بھی گنجائش رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو صاف و پاک رکھنے کے لئے مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے سے متعلق پلانٹ بھی وجود لائے جانے چاہئے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ان شہروں کے ترقیاتی منصوبے وسیع بنیادوں پر مبنی ہونے چاہئے ۔وزیر اعلیٰ کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموں اور سرینگر شہروں 13زمروں کے تحت 80 سب پروجیکٹوں کا تخیل پیش کیا گیا ۔شہرسرینگر کے لئے ائیریا پر مبنی ترقیات کے مدوں میں جہلم کے باندھوں کی جاذبیت بڑھانا ، باباڈیمب جھیل کی بحالی، ثقافتی جگہوں کی نشاندہی اور بحالی ،تواریخی بازاروں ( مہاراج گنج ، بہوری کدل ، زینہ کدل) کو بڑھاوا دینا ،کاریگروں کے لئے کلسٹر قائم کرنا ، تجارتی سرگرمیوں کو بڑھاوادینا، شہر کی جاذبیت میں اضافہ کرنا، عبور و مرور کی سہولیات میں بہتری لانا ،سمارٹ سہولیات قائم کرنا اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانا جیسے پہلوشامل ہیں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ان دونوں اہم شہروں میں شہری موبائلٹی ، ای ۔گورننس ،صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا اور ناگہانی آفات سے نمٹنے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔