سرینگر+بانڈی پورہ//فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز کے انفورسمنٹ اسکارڈ نے منگل کو 20 لاکھ روپے کا جرمانہ رقم برآمد کیا۔ ای سی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 37قصوروار دکانداروں سے 46,200 روپے کے علاوہ آٹھ ہول سیل پولٹری اورمٹن کی دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔یہ کارروائی ایف سی ایس اینڈ سی اے کی ٹیموں نے پولٹری اور دیگر مصنوعات کے نرخوں میں غیر قانونی اضافے کے حوالے سے معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے پیش نظر کی گئیں۔اس موقع پر انفورسمنٹ اسکارڈ نے ٹیموں کو سرینگر شہر کے دو زونوں میں پھیلا کر بازاروں کی چیکنگ کی۔ مارکیٹ چیکنگ کے دوران سرینگر شہر کے مختلف علاقوں صورہ، پانتہ چھوک، ببمنہ، لاوے پورہ، عمر آباد وغیرہ میں 102 کاروباری اداروں کا معائنہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ مہم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گی اور جو بھی اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے گا اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ادھر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر بانڈی پورہ ضلع میں محکمہ خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین کی انفورسمنٹ ونگ کی طرف سے بازار کی چیکنگ کی گئی۔ زائد قیمتوں کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے بلال احمد کی قیادت میں ٹیم نے قیمتوں کے تعین کو روکنے اور خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کیلئے ضلع بھر میں ایک بڑے پیمانے پر معائنہ مہم چلائی۔ زائد قیمت پر پولٹری فروخت کرنے والے آٹھ دکانوں کو سیل کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلال احمد نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ زائد قیمتوں اور دیگر غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاموں سے گریز کریں اور ان پر زور دیا کہ وہ اصول و ضوابط پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم تمام ضلعی بازاروں میں مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی تاکہ زائد قیمتوں اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تاجروں اور دکانداروں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے بازاروں کا باقاعدگی سے معائنہ یقینی بنائیں اور زائد قیمتوں اور دیگر بددیانتی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
گاندربل میں20لائیسنس جاری
ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے ایک پروگرام کے دوران محکمہ نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ2006کے تحت موقع پر ہی تجارت پیشہ افراد میں 20رجسٹریشن لائسنس جاری کیں۔پروگرام کے دوران شگوفہ جلال اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور عملہ موجود تھا۔اس موقع پر تجارت پیشہ افراد کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006کی مختلف دفعات کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں جبکہ پروسیسنگ کے دوران صفائی، حفظان صحت، اچھی مینوفیکچرنگ اورہینڈلنگ کے طریقوں پر زور دیا گیا۔