کنگن//سرینگر لیہہ شاہراہ جمعرات کو چوتھے روزبھی ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرہی ۔اس دوران حکام کے مطابق موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں آج گاڑیوں کو سونہ مرگ سے کرگل جانے کی اجازت دی جائے گی۔434کلومیٹر طویل سرینگر لداخ شاہراہ کوحکام نے 23نومبر کو برف باری کی وجہ سے احتیاطی طور بند کیا تھا،جس کے نتیجے میں کرگل ،دراس اورسرینگر سونہ مرگ شاہراہ کے مختلف مقامات پرسینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ایس ڈی ایم دراس اصغرحسین نے کشمیرعظمیٰ کوبتایا کہ گزشتہ روزپروجیکٹ ’وجیک‘نے دراس سے زیروپوائنٹ تک برف ہٹانے کاکام مکمل کیا ہے جب کہ زوجیلا کی طرف سے بھی بارڈرروڈس آرگنائزیشن نے برف ہٹایاہے۔انہوں نے کہ زوجیلا کے تین مقامات پر برفانی تودے گرآئے تھے جن کو دوپہر تک صاف کیاجائے گا۔ڈی ایس پی ٹریفک (رورل)گاندربل فہیم علی نے بتایا کہ موسم سازگاررہنے کی صورت میں آج یعنی جمعہ کوسونہ مرگ سے کرگل کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
۔3روز بعد سورج بادلوں سے باہر آگیا
مطلع صاف رہا تو درجہ حرارت میں کمی متوقع:محکمہ موسمیات
اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میںمطلع صاف ہونے کی صورت میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو ملے گی۔محکمہ کے مطابق چلہ کلان کی سخت سردی سے قبل درجہ حرارت میں تنزلی متوقع ہے ۔وادی میں برف باری کے 3 روز بعد جمعرات کو ہلکی دھوپ نکلی اور سورج بادلوںسے باہر آگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے 2دسمبر تک وادی میں موسم خوشگوار رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔اس بیچ محکمہ کا کہنا ہے کہ موسم کے صاف ہونے کی صورت میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی ۔ محکمہ کے ترجمان کے مطابق حالیہ برف باری کے نتیجے میں رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی تھی اور سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سلیس ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ جمعرات کو دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور درجہ حرارت5.6ڈگری تک جا پہنچا تھا ۔اسی طرح قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرات7.0تک جا پہنچا ہے ۔سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرات منفی0.7ڈگری تھا اور وہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات3.1ڈگری سیلیشیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرات 0.2اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 3.9ڈگری رہا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرات منفی 3.5اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 0.4ڈگری سیلشیس تک جا پہنچا ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہاکہ 2دسمبرتک جموں وکشمیر میں موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم کہیں کہیں برف اوربارشیں ہونے کوخارج ازامکان قرارنہیں دیاجاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ چلہ کلان کی سخت سردی سے قبل درجہ حرارت میں تنزلی متوقع ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اگلے کم سے کم ایک ہفتے تک موسمی صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں دیکھ رہے ہیں ،تاہم اس دوران کچھ علاقوں میں برف باری اوربارش ہونے کے امکان کوخارج بھی نہیں کیاجاسکتا ہے ۔