سرینگرایئرپورٹ سے شبانہ پروازیں ، ایئر انڈیا حکام سے چیمبرآف کامرس کا تبادلہ خیال

سرینگر//کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے ائرانڈیا کے جنرل منیجر سے ملاقات کرکے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاشق کی قیادت میں چیمبر کے وفد نے ائرانڈیا کے جنرل منیجر نارتھ دیویاموہن سے ملاقات کرکے متعدد معاملات اُن کی نوٹس میں لائیں۔ایک بیان کے مطابق اس دوران سرینگر کے ہوائی اڈے سے شبانہ پروازیں شروع کرنے اور ائر انڈیا کے کام کاج پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔دیویا موہن نے وفد کویقین دلایا کہ ائرانڈیا سرینگر کے ہوائی اڈے سے شبانہ پروازوں کی آواجاہی شروع کرنے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کررہا ہے ۔انہوں وفد کویقین دلایا کہ سرینگر جدہ براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی کیونکہ گزشتہ دوبرس کے دوران اس روٹ پر مسافروں کے رش میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ عمر ہ زائرین کیلئے سرینگر کے ائر انڈیا دفتر سے ٹکٹوں کی تعداد 100سے بڑھا کر200کی جائے گی اورآئی اے ٹی اے ہولڈروں کو بنک ضمانت کے عوض ٹکٹ دینے کی سہولت دی جائے گی۔انہوں چیمبر کے وفد کویقین دلایا کہ اُن کی طرف سے اُبھارے گئے نکات کو ترجیحی بنیادوں پر زیرغور لایا جائے گا۔چیئرمین نے سرینگر ائرپورٹ پر سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ائرانڈیا کے جنرل منیجر کی سراہناکی۔