سرینگر+گاندربل+بڈگام // وادی میں خواتین اور کم عمر لڑکیوں کی گیسو تراشی کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔اتوار کو سرینگر،گاندربل اور بڈگام ضلع میں مزید 6واقعات پیش آئے جبکہ نوگام میں 4 نوجوانوں کی شبہ کی بنیاد پر مار پیٹ کی گئی اور بٹہ مالو میں پر تشدد احتجاج ہوا۔ اولڈچھانہ پورہ سرینگر میں دن دھاڑے ایک شخص ایک گھر میں داخل ہوا جس میں چار کنبے رہتے ہیں، اور وہاں ایک15سالہ لڑکی کی چوٹی کاٹ دی۔اس موقعہ پر مقامی لوگ جمع ہوئے جنہوں نے مذکورہ شخص کا پیچھا کیا لیکن وہ گلی کوچوں سے فرار ہونے کے بعد فلو رنس اسپتال کی دیوار پھلانگ کر فرار ہوا۔بعد میں سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج پولیس نے حاصل کی جس میں مذکورہ کی شناخت کی گئی۔ ابھی پولیس نے مزید کچھ نہیں بتایا۔ البتہ صرف اتنا کہا ہے کہ یہ وہی شخص ہے جس نے اتوار کو خان محلہ میں اسی طرح کی ایک ناکام کوشش کی تھی۔اس واقعہ کے بعد سینکڑوں مرد و زن سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے شدید احتجاجی مظاہرے کئے۔ نوگام سرینگر کے گنڈ بل علاقے میں 4غیر ریاستی مزدور، جو کباڑ جمع کررہے تھے، پر مقامی لوگوں کو شبہ ہوا جس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا اور انکی شدید مارپیٹ کی گئی۔اس موقعہ پر پولیس پہنچ گئی اور اس نے چاروں کو بچا لیا۔ تاہم لوگوں نے پولیس پر سنگباری کی۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔ادھر وسطی ضلع گاندربل میں اتوار کے روز خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے دو تازہ واقعات سامنے آئے ۔نارائین باغ میں محمد ایوب گورو کے گھر میں اکیلی کمرے میں موجود 17 سالہ لڑکی (نام مخفی) بیٹھی تھی کہ اچانک کمرے میں نقاب پوش شخص کھڑکی سے داخل ہو ااور لڑکی کو اسپرے سے بیہوش کر کے اسکے بال کاٹ کر فرار ہوا۔گھر کے دیگر افراد کو جیسے ہی پتہ چلا تو انہوں نے شورو غل مچا یا۔لڑکی کو واکورہ ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا۔نارائین باغ سے صرف ایک کلومیٹر کے فاصلے پر چک ربہ تار میں غلام رسول صوفی کے گھر میں نقاب پوش داخل ہوکر کمرے میں موجود اکیلی 14 سالہ لڑکی ،جو آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم ہے، پر بے ہوشی کا سپرے مارکر اس کے بال کاٹ کر فرار ہوگیا۔ادھر مقامی لوگوں کے مطابق شالہ بگ کے تلہ محلہ میں دن دھاڑے نقاب پوش نے فاروق احمد ملک داماد گلزار احمد ملہ پر جسم کے مخصوص حصہ پر چھری سے وار کرکے اسے زخمی کیا۔فاروق احمد ملک کے شور و غل مچانے پر مقامی لوگ جمع ہوگئے اور احتجاج کرنے لگے۔فاروق احمد ملک کو نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس جیسے ہی موقع پر پہنچی تواحتجاج کررہے لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے پولیس کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے لوگوں کو منتشر کردیا۔دریں اثناء سعدہ پورہ بیروہ میں 15سالہ لڑکی پر گھر کے اندر حملہ کیا گیا اور سپرے پھینک کر اسے بال کاٹے گئے۔رائتھن بیروہ میں اسی طرح کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس کے دوران ایک عمر رسیدہ خاتوں کی چوٹی کاٹی گئی۔اوم پورہ کالونی بڈگام میں ایسا تیسرا واقعہ پیش آیا۔