جموں//شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک کنٹرول نظام کے ذریعے سے سرکاری گاڑیوں کی نقل وحرکت پر نظر گذر رکھی جائے گی اور اس نظام کے ذریعے سے جی پی ایس کو بھی بروئے کار لایا جائے گا ۔ اس قدم کی شروعات پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے سٹیٹ موٹر گراجز میں ایک ٹریفک کنٹرول یونٹ کا افتتاح کرنے کے بعد کیا ۔ ڈائریکٹر سٹیٹ موٹر گراجز ذاقر حسین چودھری کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ 48.39 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس ٹریفک کنٹرول یونٹ سے محکمہ کے کام کاج میں شفافیت لائی جائے گی اور یہ سرکاری افسروں اور دیگر ایجنسیوں کو 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ سہولیات بہم کرائے گا ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے کہا کہ ٹریفک کنٹرول یونٹ کے ذریعے سے گاڑیوں کی نقل و حرکتپر نظر گذر رکھی جائے گی اور گاڑیوں کا اصل مقام کا بھی پتہ لگایا جا سکے گا ۔ ڈاکٹر سامون نے سٹیٹ موٹر گراجز محکمے پر زور دیا کہ وہ اپنے بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں جدید تقاضوں کے عین مطابق بہتری لائیں ۔ اس سہولت سے مختلف محکموں کے ساتھ منسلک گاڑیوں اور اُن کی نقل و حمل پر نظر گذر رکھی جا سکے گی ۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں ۔ ڈاکٹر سامون نے اعلان کیا کہ ایس ایم جی گاڑیوں کو ریاست میں موجود ٹول پلازاؤں پر ٹول فیس سے مستثنیٰ رکھا جائے گا ۔ بعد میں ڈاکٹر سامون نے محکمہ کے کئی دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے ورکشاپ کو جدید خطوط پر بڑھاوا دینے کی ہدایات دیں ۔