سرکاری نرخ نامہ بالاے طاق

سرینگر// محکمہ امور سارفین و عوامی تقسیم کاری اور انتظامیہ کے ناک تلے قربانی کے جانور مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں اور نرخ ناموں کو اعتدال پر رکھنے کے حوالے سے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔معلوم رہے کہ محکمہ امور صارفین نے پچھلے دنوں قربانی کے جانوروں کے نرخ نامے جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ قربانی کیلئے زندہ گوشت کی فی کلو قیمت 185روپے ہوگی لیکن بازاروں اور منڈیوں میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ سرینگر کے ساتھ ساتھوادی کے دیگر اضلاع اورعلاقوں میں اس وقت لوگ قربانی کے جانوار خریدنے میں مصروف ہیں لیکن لوگوں کی شکایت ہے کہ قربانی کیلئے جانوار انہیں مہنگے داموں میں خریدنے پڑتے ہیں ۔محمد مسکین نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عید گاہ سرینگر کی منڈی میں من مانے طریقے سے 200سے 250روپے فی کلو زندہ گوشت فروخت کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان قیمتوں میں فروخت ہونے والا مال بھی صاف نہیں ہے ۔ ایک اور شہری محمد عمران نے بتایا کہ انہوں نے منگل کی صبح پریس کالونی سے قربانی کیلئے 3بھیڑ خریدنے کی کوشش کی لیکن ان کی قیمت سن کر اُس کے ہوش ہی اڑ گئے ۔انہوں نے کہا کہ جب اس نے قربانی کے بھیڑ خریدنے سے پہلے جانوروںکا وزن کرنے کیلئے کہا تو بھیڑ فروخت کرنے والے نے ایسا نہیں  مانا اور 3 بھیڑوں کی قیمت 60ہزار بتائی اور آخر پر بات 50ہزار روپے میں طے ہوئی اورجب ان3 جانوروں کوکا وزن کیا گیا تو اُن کا وزن صرف 80کلو گرام نکلا جس پر اُس نے خریدنے سے انکار کر دیا ۔شہری کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کے نام پر لوٹ کا بازار گرم کر دیا گیا ہے اور اگر حالت ایسی رہی تو ایک غریب قربانی کا جانور نہیں خرید سکتا ۔اس دوران جانوار فروخت کرنے والے ایک شہری نے بتایا کہ دلی کا مال 220،کشمیر ی مال 215روپے میں فی کلو زندہ فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اس طرح سرکاری نرخ ناموںکو بالائے طاق رکھ کر قربانی کے جانور مہنگے داموں میں فروحت ہو رہے ہیں ۔ڈائریکٹر خورک ورسدات عوامی تقسیم کاری ڈاکٹر نثار احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کے چیکنگ سکارڈ ٹیموں نے منگل کو تعطیل کے باوجود بھی وادی کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کی اور  45جگہوں پر چیکنگ کے دوران 11جگہوں پر شکایت ملی ہے اور ایسے افراد سے5ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں متحرک ہیں اور اگر کسی بھی جگہ سے لوگوں کو کوئی شکایت ہو تو وہ محکمہ کے ساتھ رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔