سرکاری نرخوں پر گوشت کی فروخت ، رپورٹ طلب

سر ی نگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے حکام کی ایک میٹنگ میں وادی میں گوشت کی قیمتوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے بھی کئے جارہے اِقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ٹرانسپورٹیشن ،مقامی شیپ بریڈرس قیمتوں کی ادائیگی اوردیگر امور کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے گوشت کی قیمتوں کاجائزہ لینے کی ہدایت دی۔میٹنگ کے دوران عدالتی احکامات کے تحت کوٹھداروں اورگوشت فروشوں کے پرانی لائیسنس کی تجدید اور نئے لائیسنس جاری کرنے پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو محکمہ خوراک،شیپ ہسبنڈ ری،ہیلتھ آفیسران،لیگل میٹرالوجی اورفوڈ سیفٹی محکمے کے ساتھ ضلع سطح پر میٹنگوں کا انعقاد کرنے پر زوردیا گیا تاکہ اُن سے تجاویز حاصل کی جاسکیںتاکہ ان تجاویز پر صوبائی کمشنر کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے مناسب اقدامات کئے جاسکیں تاکہ لوگ سرکاری نرخوں کے مطابق گوشت خرید سکیں اورناجائز منافع خوری پر روک لگ سکے۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنرسرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری،ڈائریکٹر خوراک ،امور صارفین وعوامی تقسیم کاری بشیر احمد خان ،جوائنٹ ڈائریکٹر لیگل میٹرولاجی وفوڈ سیفٹی ،محکمہ صحت کے آفیسران،مٹن ہول سیلر اینڈ ڈیلر یونینز اوردیگر متعلقہ آفیسران موجود تھے۔جب کہ ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔