سرکاری ملازمین کی جائیداد کے سالانہ گوشوارے

سرینگر//حکومت نے جموں کشمیر ملازمین کی جانب سے سال 2021 کے سالانہ جائیداد ریٹرن جمع کرنے کی تاریخ میں15فروری تک توسیع کردی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ بہت سے ملازمین جائیداد کے سالانہ گوشوارے جمع کرنے کی تاریخ 31 جنوری 2022 کی ڈیڈ لائن کو پورا نہیں کر سکے ہیں۔  21دسمبر2021کے سرکیولر نمبر 56-JK(GAD)کے تحت تمام ملازمین کو  جائیداد کے سالانہ گوشوارے متعلقہ پورٹل پر خود  رجسٹر کرنے اور اس کے بعد ضروری طور پر سال 2021 کے لیے اپنے سالانہ ریٹرن پورٹل پر جمع کرنے کے لیے تفصیلی معلومات 15 جنوری 2022 سے 31جنوری 2022 تک پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا’’اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ  ملازمین متعدد وجوہات کی بنا پر اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کرا سکے نیزجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں جائیداد کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں‘‘۔ نوٹیفکیشن  کے مطابق’’معاملے پر عمومی انتظامی محکمہ میں غور کیا گیا اور آن لائن موڈ کے ذریعے جائیداد ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 15فروری2022تک بڑھا دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کارپوریشنوں،نیم سرکاری اداروں کے ڈرانگ و ڈسرسنگ افسراں(تنخواہ واگزار کرنے والے افسراں)کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ادارے کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو جائیدادریٹرن پورٹل پر ’ڈی ڈی ائو‘رجسٹریشن کے آپشن کا استعمال کرتے ہوئے، اپنے موجودہ ’ڈی ڈی ائو‘کی اسناد کا استعمال کرتے ہوئے رجسٹر کریں، تاکہ ملازمین رجسٹرڈ ہو سکیں اور اپنی فائلیں جمع کروا سکیں۔