سرکاری ملازمین انتخابی مہم میں حصہ نہ لیں

جموں// محکمہ عمومی انتظامی  نے سرکاری ملازمین کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل اور پنچایت کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم میں حصہ لینے سے باز رہیں۔ریاستی الیکشن کمشنر جموں و کشمیر کے کے شرما کے مکتوب کے جواب جی اے ڈی کمشنر سکریٹری منوج کمار دویدی نے کہاکہ کچھ سرکاری ملازمین مبینہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں اور موجودہ ڈی ڈی سی میں مخصوص سیاسی جماعتوں کی طرف جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں ،اس معاملے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے پنچایت حکام نے سنجیدگی سے دیکھا ہے۔اس سلسلے میں جی اے ڈی کا سرکولر جاری کیا گیا ہے جس میں تمام انتظامی سیکریٹریوں، جموں و کشمیر کے ڈویژنل کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ کے سربراہان سے اپنے متعلقہ محکموں میں کام کرنے والے ملازمین پر سخت نگرانی برقرار رکھنے کو کہا گیا ہے۔دویدی نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ کسی قسم کی طرفداری کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ یہ بات بھی یقینی بنائی جائے گی کہ انتخاب کے مقصد کے لئے کوئی سرکاری مشینری استعمال نہ کی جائے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی الیکشن کمشنر (ایس ای سی) کے کے شرما نے متعدد شکایات کی طرف اشارہ کیا تھاکہ انہیں اس سلسلے میں ایک خط موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم کو ایک مکتوب بھیجا۔ کے کے شرما کے خط کے مطابق ’’کمیشن کو کچھ معاملات موصول ہوئے ہیں جن میں سرکاری عہدیداروں کو ایم ڈی سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے یا کسی خاص سیاسی پارٹی کی طرف داری کا مظاہرہ کرنے کی اطلاع ملی ہے، حکومت ملازمین اور عہدیداروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی‘‘۔حال ہی میں ضلع راجوری میں ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میں سے ایک جاوید اقبال چودھری نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعہ الزام لگایا تھا کہ کے اے ایس آفیسر، کچھ ڈاکٹروں اور انجینئروں نے ڈی ڈی سی حلقہ بدھل میں علاقائی سیاسی پارٹی کے امیدوار وں کیلئے کھل کر انتخابی مہم چلائی ہے۔