ڈوڈہ //غلام نبی آزاد کو جموں و کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ دیکھنے کے لئے جموں و کشمیر کے ہر باشندہ کو بے صبری سے انتظار ہے جس کا ثبوت کشمیر، پیر پنجال و وادی چناب کے حالیہ دوروں کے دوران عوام نے بھاری جلسوں کی شکل میں دیا۔ان باتوں کا اظہار سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے کاہرہ و بلاک جکیاس میں عوامی و پارٹی ورکروں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے آزاد دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انہوں نے دوران وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر کے ہر خطہ و طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے یکساں اقدامات کئے وہیں بطور مرکزی وزیر صحت صوبائی ضلع و بلاک سطح پر جدید سہولیات سے آراستہ سینکڑوں ہسپتال، گورنمنٹ میڈیکل کالج و طبی مراکز کا قیام عمل میں لایا۔سروڑی نے آزاد کو ہندو مسلم سکھ اتحاد کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا ہر باشندہ انہیں وزیر اعلی دیکھنے کے لئے متمنی ہے تاکہ ان کی قیادت میں ایک بار پھر سے ہر خطہ ترقی، خوشحالی و امن و اماں کا ماحول قائم رہ سکے۔اس دوران انہوں نے آزاد کے آنے والے دوروں کو کامیاب بنانے کی ورکروں و عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے استقبال کے لئے جوق در جوق شریک ہو کر اپنی خوشی کا اظہار کریں۔اس موقع پر کاہرہ و بھٹیاس میں متعدد جماعتوں کے کارکنوں نے سروڑی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی جن میں سرپنچ پنچائت گوئلہ و دیگر پنچائتی اراکین بھی شامل ہیں۔