سرنکوٹ// سرنکوٹ ہسپتا ل میں بنیادی طبی سہولیات کی عدم موجودگی کی وجہ سے مریضوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں اس جدید دور میں بھی جدید مشینری ہی میسر نہیں ہے ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جہاں حکومت کی طرف سے ڈیجیٹل انڈیا جیسا پروگرام شروع کیا گیا وہائیں سرنکوٹ کی عوام کیساتھ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت نے دھوکہ کیا ہے ۔اس وقت سرنکوٹ ہسپتال میں قدیم طرز کی مشینری موجود ہے جو ہر وقت خراب رہتی ہے ۔رحمان شاہ اور روایت حسین نے کہا کہ سرنکوٹ ہسپتال میں نہ تو جدید ایکسرے مشین ہے اور نہ ہی دیگر بنیادی سہولیات موجود ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو گور نمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں ،راجوری اور پونچھ کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے ریفر کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ سرنکوٹ ہسپتال میں اس وقت ڈاکٹروں و دیگر عملے کی بھی قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ ہسپتال میں جدید مشینری کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔