سرنکوٹ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں متعدد خوبصورت ترین علاقوں کو انتظامیہ نے سیاحتی نقشے پر ہی نہیں لایا تاہم ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باوجود بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد سیر کرنے کےلئے آتی ہے ۔سرنکوٹ میں نوری چھم ،پیر گلی ،ڈہنا شاہستار و دیگر کئی ایسے علاقے موجود ہیں جوکہ واد ی کے متعدد علاقوں سے خوبصورتی میں بہتر ہیں تاہم ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے نہ تو مذکورہ علاقوں کی نشاندہی کی گئی اور نہ ہی ان کو سیاحتی نقشے پر لانے کےلئے کوئی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سرنکوٹ میں ڈھر شکر مرگ، پنج گلیاں سات جھیل ،گلی گیچن پنج تاری مر گٹی کے علاوہ جبھی طوطی ،جموں شہید وغیرہ مقامات بہت ہی زیادہ حوبصورت ہیں جبکہ ان علاقوں میں مقامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ جگہوں پر کوئی بنیادی سہولیات فراہم ہی نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے اکثر سیاحوں کو ضروری ساز و سامان اپنے پاس لے کر جانا پڑتا ہے ۔مقامی معززین نے کہاکہ اگر انتظامیہ مذکورہ علا قوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کےلئے عملی اقدامات اٹھاتی ہے تو مقامی بے روز گار نوجوانوں کو روز گار کمانے کا ایک بہترین موقعہ فراہم ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں اس سے قبل ہی کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ کےساتھ ساتھ جموں وکشمیر انتظامیہ سے بھی رجوع کیا جاتا رہا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکو ٹ کے سیاحتی مقاما ت پر بنیادی سہولیات فراہم کر کے ان کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے تاکہ عام کولوگوں کےساتھ ساتھ سیاحوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔