سرنکوٹ // سیر سید ایجوکیشن مشن اور ایس آر کے فاونڈیشن کے اشتراک سے ضلع پونچھ کے متعدد جگہوں پر پونچھ آئیڈیل کے نام سے آڈیشن لیا جا رہا ہے جس میں ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے حصہ لیا۔گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ اور جے این وی جڑانوالی والی میں آڈیشن پروگرام منعقد کیا گیا جس میں متعدد نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پر سرنکوٹ ڈگری کالج کے پرنسپل تجیندر پال سنگھ مہان خصوصی کے طور پر موجود تھے اور ان کے علاوہ سر سید ایجوکیشن مشن کے چئیرمین سرفراز میر اور دیگر ٹیم بھی موجود تھی۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض سید نصرت شاہ نے انجام دئے۔پروگرام میں کافی تعداد میں نوجوانوں نے حصہ لیا اور ڈگری کالج سرنکوٹ سے دس جبکہ جے این وی سے نو افراد کو نامزد کیا گیا اور ان امیدواروں کو پروگرام کی دوسری کڑی میں مقابلہ کرنا ہو گا۔اس موقعہ پر سر سید ایجوکیشن مشن کے چئیرمین سرفراز میر نے کہا کہ اس کا مقصد ضلع پونچھ نوجوانوں کی قابلیت کو اجاگر کرنے کے لئے اور ان کی چھپی ہوئی قابلیت کو عیاں کرنے کا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے سے ان کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں بے مزید کہا کہ ضلع پونچھ کے نوجوانوں میں قابلیت کی کمی بلکل بھی نہیں ہے لیکن سرحدی ضلع پونچھ کے نوجوانوں کو ایسے ذرائع حاصل نہیں ہیں جن سے وہ اپنی صلاحیتوں کو عیاں کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پونچھ میں ذرائع کی قلت کی وجہ سے بہت سارے نوجوان سماجی برائیوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور اسی چیز کو لیکر سر سید ایجوکیشن مشن کی جانب سے یہ کوشش کی جا رہی جس سے نوجوانوں کو پلیٹ فارم حاصل ہو اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے۔پروگرام کی اگلی نشست پونچھ میں منعقد کی جائے گی جس میں نامزد کئے گئے امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو گا۔