سرنکوٹ //ممبر اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا سینٹر کا افتتاح کیا ۔اس دوران ان کے ہمراہ سرنکوٹ انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بھی تھے۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی ممبر موصوف تھے ۔انہوںنے سینٹر کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور کہا کہ کسی بھی تعلیمی شعبے میں نظم و ضبط کا ہونا نہایت ہی لازمی ہے ۔انہوںنے سینٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عمدہ اقدام کیاگیاہے جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور اس پروگرام کے ذریعے بے روزگاری میں کمی واقع ہوگی ۔موصوف نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اس سینٹر کے تحت تربیت حاصل کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے نوجوان ہیں جنہوں نے اپنی تعلیم کو ادھورا چھوڑ دیا ہے جن کیلئے یہ سنٹر ایک اہم موقعہ فراہم کرے گا۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اس سکیم سے فائدہ حاصل کریں ۔واضح رہے کہ اس قسم کے سینٹر پورے ملک میں قائم کئے گئے ہیں جن میں بالکل مفت تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے۔تقریب میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ، تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما ،ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک ، بی ڈی او سرنکوٹ قدیر چاڑک ،بی ڈی او بفلیاز غلام مصطفی خان ،اے ای ای پی ایچ ای اخلاق قریشی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔