سرنکوٹ// سرنکوٹ بس اسٹینڈ پر دکانداروں نے میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بس اسٹینڈ کی بولی چالیس لاکھ روپے لگائی گئی لیکن قصبہ میں کمیٹی کی جانب سے تعمیر و ترقی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے نالیوں کے علا وہ پورا نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بیو پار منڈل کے چیئر مین طارق منہاس نے کہاکہ ایک معمولی سی بارش کے بعد بھی عام لوگوں اور تاجر طبقہ کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بارش کا پانی دکانوں اور لوگوں کے گھر میں داخل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر سرنکوٹ کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی ۔انہوں نے کہاکہ سرنکوٹ میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے نکاسی آب کے علا وہ نالیوں کی حالت کو بہتر بنانے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے نالیاں پوری طرح سے بند ہو گئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے کو نا خوشگورا واقعہ پیش آتا ہے تو میونسپل کمیٹی کے حکام پر پوری ذمہ داری عائد ہو گی۔