سرنکوٹ// سرنکوٹ میں جموں کشمیر بنک کی اے ٹی ایم مشینیں صارفین کے لئے پرشانی کا باعث بن چکی ہیں کیونکہ کئی دنوں سے مختلف جگوں پر لگائے گئے اے ٹی ایم نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر بند پڑے ہیں جبکہ قصبہ کی ایک لاکھ آبادی کیلئے اب صرف ایک ہی اے ٹی ایم مشین چل رہی ہے۔اخلاق شاہ نامی ایک شخص نے بتایا کہ سرنکوٹ قصبہ میں کل چھ اے ٹی ایم مشینں نصب ہیں جن میں صرف ایک ہی چل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس بی آئی کی طرف سے دو اے ٹی ایم مشینیں نصب ہیں جبکہ جموں کشمیر بنک کی جانب سے چار مشینوں کو لگایا گیا تاہم آج سب کے سب بند ہیں اور ایک ہی مشین چل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صارفین کو اسقدر پریشان کیا جا رہا ہے کہ کبھی سروس نہیں ہوتی اور کبھی کیش کی عدم دستیابی ہو جاتی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حال پر رحم کیا جائے اور مشینوں کو بحال کرکے فعال بنایا جائے تاکہ صارفین کو رقوم نکالنے میں دشواری نہ ہو۔