سرمایہ کاری کیلئے منظم طریقہ کار اختیار کرنا ہے:بصیر خان

جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نیادھیوگ بھون میں محکمہ صنعت و حرفت جموں کی تعریفی و جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ، ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں ، ڈائریکٹر فائنانس انڈسٹریز اینڈ کامرس ، منیجنگ ڈائریکٹر سڈکو ، منیجنگ ڈائریکٹر سیکاپ ، جموں صوبہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریز کے تمام جنرل منیجر موجود تھے ۔ دورانِ میٹنگ جموں صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے نظام کو مستحکم بنانے کیلئے جاری سرگرمیوں کا جائیزہ لیا گیا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ اب جبکہ ہم صنعتکاری کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں ہمیں منظم طریقہ کار اختیار کر کے ممکنہ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں صنعتی یونٹوں کے قیام کیلئے کافی گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بیمار صنعتی یونٹوں کو بھی منسوخ کرنا ہو گا ۔ انہوں نے معین مدت پر سختی سے کاربند رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دی گئی ہدایات زمینی سطح پر عمل میں لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہشمند صنعتکاروں کو ترجیح دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں افسروں کو عدالتوں میں التوا میں پڑے معاملات کے حتمی فیصلے کیلئے کوشاں رہنا ہو گا ۔ ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں نے صوبہ میں صنعتی صورتحال سے متعلق ایک پرذنٹیشن پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جانکاری پروگرام اور ویب نار صوبہ کے ہر ضلع میں منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے ایم ایس ایم ای میں آتم نربھر سکیم کے تحت جانکاری پیدا کرنے کیلئے بنکوں کے ساتھ باقاعدہ میٹنگیں منعقد کی جا رہی ہیں ۔