عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی// ملک کی راجدھانی دہلی سمیت پورے این سی آر پر دھند، اور سردی کی لہر کا حملہ سوموار کو بھی جاری رہا۔ جب لوگ صبح سویرے بیدار ہوئے تو گھنی دھند کی وجہ سے وہ 10 میٹر کے دائرے میں کچھ بھی نہیں دیکھ سکے۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دارالحکومت دہلی میں صبح 6 بجے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔آئی ایم ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ 16 جنوری تک شدید سردی کے درمیان دھند کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر آنے والی اور روانہ ہونے والی سینکڑوں پروازیں گھنی دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ سینکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بارے میں مرکزی وزیر ہوا بازی جیوترادتیہ سندھیا نے بتایا کہ مستقبل میں ایسے حالات سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ جیوترادتیہ سندھیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کیا ہے۔دھر اتر پردیش (یوپی) میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیاں 17 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کے تمام اسکول پیر سے مکمل طور پر کھل گئے۔ اتوار کو 20 پروازوں کو جے پور کی طرف موڑ دیا گیا تھا، جب کہ شدید دھند کی وجہ سے پیر کو بھی ایسی ہی صورتحال برقرار رہی ۔دہلی ایئرپورٹ پر صبح 6 بجے حد نگاہ 50 میٹر تھی۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے دہلی آنے والی ٹرینیں 6 سے 8 گھنٹے لیٹ ہیں۔ یہی نہیں بلکہ دھند کی وجہ سے گاڑیاں بھی سڑکوں پر رینگتی ہوئی چل رہی ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو سائیکل کا استعمال کرنے یا کم فاصلے کے لیے پیدل چلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ادھرتلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیاہے ۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر کی گھنی چادر بھی دیکھنے میں آرہی ہے ۔ زیادہ تر لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں تاہم صبح کے اوقات میں اپنے کاروبار کے لئے جانے والے اور چہل قدمی کرنے والے افراد کو کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔