مینڈھر//بالاکوٹ تحصیل کے سرحدی علاقہ بھروتی اور دھراٹی میںمحکمہ بجلی کا نظام بُری طرح سے متاثر ہو چکا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں اکثر گھروں کو بجلی کی ترسیلی لائن لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کیساتھ باندھ کر پہنچائی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی علا قوں میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بجلی کی مناسب سپلائی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا ۔علا قہ کے یوتھ لیڈر ظہیر خان نے بتایا کہ سرحدی علا قوں میں بجلی نظام کی بہتری کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کو ئی برا حادثہ پیش آسکتا ہے ۔انہوں نے محکمہ کے اعلی افیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مہینوں مرکزی حکومت کی طرف سے بے شمار کھمبے اور بجلی کی تاریں انتظامیہ کو دی گئی تھی تاکہ ضرورت کے مطابق عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین نے اپنے رشتے داروں اور سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والوں میں کھمبے تقسیم کئے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ سرحدی علا قوں میں بجلی کے نظام کی بہتری کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔