سرحدی علاقہ میں جانے والی رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل | 8کلو میٹر سڑک 8برسوں میں بھی مکمل نہ ہوسکی ،محکمہ پر لاپرواہی کا الزام

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی تحصیل بالا کوٹ میں جانے والی ڈبی تا دہروتی رابطہ سڑک 8برسوں میں بھی مکمل نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے صفر لائن کے قریب آباد لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقہ کیلئے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے 8کلو میٹر سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی تاہم زمینی کٹائی کے بعد بھاری فنڈز کو ہڑپ لیا گیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ کئی کلومیٹر کی مسافت پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے سرکاری خزانے کو چونا لگانے کے بعد پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ صفرلائن اور تار بندی کے درمیان ایک وسیع علاقہ میں رابطہ سڑک جیسی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں مشکلات کے باوجود مریضوں و حاملہ خواتین کو پیدل ہسپتالوں میں منتقل کرنے پر مجبور ہیں ۔عام لوگوں نے بتایا کہ سڑک اس وقت مکمل طورپر کھڈوں میں تبدیل ہو ئی ہے جس پر پیدل چلنا بھی انتہائی مشکل عمل ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑ ک کی تعمیر پر خر چ کئے گئے فنڈز کی جانچ کرنے کیساتھ ساتھ لوگوں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔