سرینگر // حدمتارکہ پر سرحدی کشیدگی کے باوجود بھی ریاستی سرکار نے سرحدی علاقوں میں باڈر ٹورازم کو بڑھاوا دینے کے حوالے سے باڈر ائریا ڈیولپمنٹ فنڈ اور پرائم منسٹر ڈیولپمنٹ فنڈکے تحت مختلف اسکیموں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور آنے والے دنوں میں حدمتارکہ پر بھی سیاحوں کیلئے نہ صرف ہٹ تعمیر کئے جائیں گے بلکہ ٹورسٹ سنٹروں کی تعمیر کا کام بھی ہو گا ۔ریاستی سرکار نے 2016میں یہ اعلان کیا تھا کہ ریاست جموں وکشمیر کے سرحدی علاقوں میں بارڈر ٹورازم کو بڑھاوا دیاجائے گا اور اس کیلئے ریاستی سرکار نے 50کروڑ روپے کا ایک منصوبہ مرکزی سرکار کو فراہم کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموںوکشمیر کے سرحدی علاقوں میں سیاحت کے کافی مواقع موجود ہیں اور اس کو بڑھاو ادینے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ان علاقوں میں سرحدی سیاحت کو منظوری دی جائے ۔ریاستی سرکار نے اس دوران اوڑی ، راجوری ، چکندہ باغ اور کرناہ ٹیٹوال اور کیرن علاقوں کی نشاندھی کی ۔اگرچہ اس دوران مرکزی سرکار نے باڈر ٹورازم کو بڑھاوا دینے کی منظوری دی اور ریاستی سرکار نیپہلے مرحلے کے تحت 2018میں کام مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاست کے سرحدی علاقوں میں بارڈر ٹورازم کو فروغ دینے سے نہ صرف وہاں کی 70فیصد آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم ہو سکتے ہیں بلکہ اس سے علاقوں کی تعمیر وترقی بھی ہو سکتی ہے ۔ممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور نے کرناہ ٹیٹوال اور کیرن کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ،ٹیٹوال اور کیرن کے سرحدی علاقوں میں سرکار کی جانب سے باڈر ٹورزم کی منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے اپنی اسمبلی حلقہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹیٹوال میں ٹورسٹ سنٹر کی تعمیر اور زمین کی حصولیابی کیلئے ایک کروڑ 45لاکھ روپے کی رقم پرایم منسٹر ڈیولپمنٹ فنڈس کے تحت منظور ہوئی جبکہ ٹیٹوال میں اس کیلئے چار کنال اراضی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ زمین کیلئے 20لاکھ روپے کی رقم پہلے سے ہی لی جا چکی ہے اور اگر حالات ٹھیک رہے تو ٹورسٹ سنٹر کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔اسی طرح دیگر سرحدی علاقوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔معلوم رہے کہ کرناہ کے سرحدی علاقوں میں کرناہ کا ٹیٹوال علاقہ وہ واحد علاقہ ہے جہاں سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے چلڑھانہ گائوں کی بستیاں قریب سے دکھائی دیتی ہیں ایسی ہی کیرن کے علاقہ کا تعلق ہے وہاں سے نیلم کا سیاحتی مقام بھی نزدیک سے دکھائی دیتا ہے ۔سیکٹری ٹورازم سرمد حفیظ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں ڈویژن میںکئی ایک سرحدی علاقوں میں کام چل رہاہے اور چتھس گڑ باڈر میں بھی پرایم منسٹر ڈیولپمنٹ سکیم کے تحت کئی کام ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرناہ ٹیٹوال میں بہت جلد کئی ایک سکیموں کے تحت اس پر کام شروع ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ کام نہ صرف پرایم منسٹر ڈیولپمنٹ فنڈس کے تحت شروع ہوں گے بلکہ باڈر ائریا ڈولپمنٹ فنڈس کے تحت بھی محکمہ سیاحت نے کئی ایک منصوبے بنائے ہیں ۔