منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر کا پروجیکٹ لگ بھگ ٹھنڈے بستے میں چلاگیا ہے جبکہ 2برس قبل شروع کردی تعمیر ات کی ابھی تک ادائیگیاں ہی نہیں کی جاسکی جبکہ ڈھانچے جوں کے توں ہی التوا کا شکار ہوگئے ہیں ۔سرحدی علاقوں کے مکینوں و ٹھیکیداروں نے بتایا کہ کئی ایک بنکر ایسے ہیں جن کی شیٹرنگ کی گئی تھی لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے آج تک نہ تو مٹریل دیا گیا ہے اور نہ ہی دیگر کام کی ادائیگیاں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے شیٹرنگ کا سازو سامان موقعہ پر ہی پڑا ہو ا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ راجوری کی لاپرواہی کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کیلئے سہولیت دستیاب نہیں ہو سکی وہائیں ٹھیکیداروں کیساتھ ساتھ مزدور طبقہ شدید مشکلات میں مبتلا ہو گیا ہے ۔سرحدی علاقوں کے مکینوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں کئی ایک سڑکیں برسوں سے مکمل نہیں کی جاسکی ویسے ہی محکمہ اب بنکروں کی تعمیرات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔مزدور طبقہ نے بتایا کہ 2برس قبل کئے گئے کام کی ابھی تک اجرت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ان زندگی مشکل ہوتی جارہی ہے ۔بنکروں کی تعمیر سے وابستہ افراد نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ تحصیل میں بنکروں کی تعمیر مکمل کرنے کیساتھ ساتھ بقیہ ادائیگیاں جلداز جلد کی جائیں ۔