سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر ہندو پاک قیادت سے اپیل کی ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی،فائرئنگ اور گولہ باری کا سلسلہ بند کریں۔پارٹی نے دوردراز علاقوں میں لاک ڈائون کے پیش نظر شہریوں کو اشیائے ضروریہ دستیاب رکھنے کا بھی مطالبہ کیا۔پارٹی کے سینئرلیڈر اور ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کپوارہ کے سرحدی علاقوںکرناہ، ٹنگڈار،جمہ گنڈ میں موجودہ لاک ڈائون کے پیش نظر تمام ضروریات زندگی اور لازمی خدمات خصوصاًغذائی اجناس چاول،آٹا،کھانڈ اور رسوئی گیس دستیاب رکھا جائے اورتمام اسپتالوں میں ادویات بہم رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، ضلع صدر بانڈی پورہ غلام رسول ناز نے بھی بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں غذائی اجناس اور ادویات کے علاوہ اشیائے ضروریہ بہم رکھنے کی اپیل کی ۔