مینڈھر//مینڈھر بلاک کی پنچائت سخی میدان پنچایت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سخی میدان پنچایت میں عوام کو بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ پنچائت کے سرپنچ ماسٹر محمد بشیر خان نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سخی میدان پنچائت کو انتظامیہ کی طرف سے بنیادی سہولیا ت نہیں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے اعلی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ کے اندر کچھ ایسے لوگ ہیں جو دونوں گریڈا سٹیشنوں کی بجلی چلارہے ہیں جسے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتاہے۔انکا کہنا تھاکہ متعلقہ محکمہ کو کئی بارمتعلقہ محکمہ سے رجوع کیا گیا تا کہ ایسے افراد کے بجلی کنکشن ایک ہی طرف سے لگائے جائیں لیکن متعلقہ آفیسران اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران سے اپیل کی کہ سخی میدان کے اندر تین مڈل اسکول ہیں اور اس کے گردو نواح میں بھی کئی مڈل اسکول ہیں لہٰذا فوری طور مڈل اسکول بھاٹہ کس کو ہائی اسکول کا درجہ دیا جائے تاکہ دور دراز کے اسکولوں میں جاکرجو بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ آسانی سے تعلیم حاصل کرسکیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانی کی علاقہ کے اندر خستہ حالت ہے اور لوگ کئی کلو میٹر دور سے جاکر پانی لاتے ہیںلیکن محکمہ کی جانب سے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ علا قہ میں بجلی نظام کیساتھ ساتھ سڑکوں کی حالت بھی خستہ ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سخی میدان پنچایت میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔