سرینگر// جموں و کشمیر میں بدھ کے روز یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔ جہاں سرینگر کے ہائی سیکورٹی زون میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب کے پیش نظر جنگجوئوں کے کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کیلئے سرینگر کے مختلف حصوں میں سخت ترین سیکورٹی رکاوٹیں کھڑی دیکھی گئیں، وہیں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر وادی بھر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع رکھی گئیں۔یونین ٹریٹری میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب ایم اے اسٹیڈیم جموںمیں منعقد ہوئی جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی ۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں گورنر کے مشیر ایم بھٹناگر نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ اسٹیڈیم کی طرف جانے والے تمام راستوں کو خاردار تار سے سیل کردیا گیا تھا۔ سیول لائنز کے مختلف علاقوں ڈل گیٹ، سونہ وار، ٹی آر سی کراسنگ، نمائش کراسنگ، لال چوک، مائسمہ میں بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی تھیں۔ اسٹیڈیم کے گردونواح میں جموں وکشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔نزدیک میں واقع ڈل گیٹ ، ٹی آر سی اور ریڈیو کشمیر کراسنگ پربھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ادھر مثالی سیکورٹی بندو بست کی بنا پر پوری وادی میں ہو کا عالم رہا۔سرینگر سمیت سبھی اضلاع اور تحاصل صدر مقامات کے علاوہ دیگر قصبوں میں ہر طرح کی سرگرمیاں ٹھپ رہیں۔ کاروباری و تجارتی مراکز، چھوٹی بڑی دکانیں اور ہر طرح کا ٹرانسپورٹ بند رہا جبکہ دیگر معمولات بھی مفلوج رہے۔ سہ پہر پوری وادی میں ہو کا عالم رہا اور کوئی نجی گاڑی بھی کہیں نظر نہیں آرہی تھی۔انتظامیہ نے بدھ کی صبح سویرے قریب 9بجے موبائل انٹر نیٹ سروس منقطع کی جو سہ پہر تین بجے کے بعد بحال کی گئی۔البتہ براڈ بینڈ خدمات جاری رہیں ۔