سخت سردی میں سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کا رش | گرم ملبوسات اوردیگر اشیائے ضروریہ کی جم کر خریداری کی

 سرینگر//سردی کے باوجود سنڈے مارکیٹ میں لوگوں نے ملبوسات اور دیگر سازوسامان کی جم کرخریداری کی۔ لالچوک، گھنٹہ گھر، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور پولو گراونڈ کے علاوہ دیگر علاقوں کے بازاروں میں لوگوں کا کافی رش تھا ۔سڑکوں پر جگہ جگہ چھاپڑی فروشوںنے چھاپڑیاں لگائی تھیں جن پر ملبوسات کے ساتھ ساتھ کھلونے کی چیزیں سجائی گئی تھیں۔ لالچوک میں لوگ صبح سے ہی خریداری کرنے میں مصروف رہے ۔چنانچہ دن گزرنے کیساتھ ساتھ لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوا اور عوام ضرورت کے مطابق چیزیں خریدنے میں دکھائی دیئے۔ بھاری رش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے جس کی وجہ سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔شام ہوتے ہی قریب ساڑھے 5بجے پولیس کی گاڑی لالچوک میں آگئی اور چھاپڑی فروشوںکو اپنا سامنا سمیٹنے کا حکم دیا۔ اس موقعہ پر چھاپڑی فروشوں میں کھلبلی مچ گئی اور وہ اپنا سامان سمیٹنے لگے۔ کئی ایک چھاپڑی فرشوں کاکہنا ہے کہ موسم سرمامیںدن چھوٹے ہوتے ہیں اورہفتہ میںایک بار سنڈے مارکیٹ لگ جاتاہے جس کیلئے وہ کئی دنوں سے تیاری کرتے ہیں ۔(سی این آئی)