شاہراہ پرآمدورفت پابندی کے سبب درجنوں طلاب امتحان میں شرکت نہ کرسکے
بانہال //سخاوت سنٹر جموں وکشمیرکے زیراہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی میرٹ کم مینز اسکالرشپ کیلئے آٹھویں تا دسویں جماعت کے طلبا کاانٹرنس ٹیسٹ منعقدکیا گیا۔ہائر سکینڈری سکول بوائز بانہال میں قائم امتحان مرکزمیں230 طلباوطالبات نے شرکت کی تاہم قومی شاہراہ پر آمدورفت پرپابندی کی وجہ سے درجنوں طلاب امتحان مرکزتک تک نہیں پہنچ سکے اورجوطلباامتحان میں شامل ہوئے انہیں واپس گھروں کولوٹنے میں بھی شدیدمشکلات سے دوچارہوناپڑا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بانہال میں سخاوت سنٹر کے میرٹ کم مینز اسکالرشپ ٹیسٹ میں شامل ہونے کیلئے صبح سویرے ہی طلباکی کثیرتعدادشاہراہ پرٹریفک پابندی ہونے کی وجہ سے مشکلات جھیلنے کے باوجودامتحان مرکزتک بانہال پہنچی تاہم دور دراز کے علاقوں مثلاً کھڑی ، رامسو اور پوگل پرستان کے درجنوں بچے اس امتحان میں شامل نہیں ہوسکے ہیں ۔ واضح رہے میرٹ کم مینز کے تحت اس امتحان میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے بچوں کو حوصلہ افزائی کے طور پر مالی امداد دی جاتی ہے – اس امتحان عمل کیلئے جموں وکشمیر سخاوت سینٹر نے علاقے کے کئی اساتذہ ، ماہر تعلیم اور رضاکاروں کی مدد خدمات حاصل کی تھیں اور نگرانی کیلئے سخاوت سینٹر ضلع رام بن کے ایڈمنسٹریٹر عبدالغنی تانترے اور دیگر کارکنوں اور رضاکار تعینات کئے تھے ۔