سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے سجاد احمد کینو کو موجودہ تحریک آزادی کے اوّلین معمارقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی جوان ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ایسے انسانوں کی جدوجہد اور قربانیاں کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کی جاسکتی ہیں۔ محمد یاسین ملک مرحوم سجاد کینو کی یاد میں منعقدہ یادگاری تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے سجاد احمد کینو کو ایک اعلیٰ انسان، ایک حلیم شخصیت، ایک عظیم قائد اور بہادر عسکریت پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف کشمیر کی مزاحمتی تحریک کا ایک چہرہ تھے جنہوں نے اپنی آخری سانس تک آزادی کیلئے جدوجہد کی اور اسی راہ میں اپنی جان کی بازی بھی لگادی۔یاسین ملک نے کہا کہ سجاد احمد کینو جیسے عظیم جوانوں کی قربانیاں اور جدوجہد کوکسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ چیئرمین نے معروف جوان سال تاجر طارق احمد بٹ(ماسٹر آرٹس) کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ چیئرمین نے ایک وفد کے ہمراہ راجباغ جاکر سوگوار کنبے سے تعزیت کی۔وفد زونل جنرل سیکریٹری شیخ عبدالرشید ،مشتاق احمد ،غلام محمد ڈاراورطارق احمد وغیرہ پر مشتمل تھا۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے سجاد احمد کینو کو اُن کی 22ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اِن جوانوںکی مرہون منت ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ اُنہوں نے جموں کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی عزیز جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بے پناہ قربانیاں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں، لیکن بد قسمتی سے بین الاقوامی برادری محض اپنے تجارتی مفادات کے پیش نظر بھارت پر مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کوئی دبائو نہیں ڈال رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی اس خاموشی سے نئی دلی اور اس کے مقامی ایجنٹوں کے حوصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ وہ ہماری نسل کشی پر تلے ہوئے ہیں۔