سرینگر/یو این ایس/پیپلز کانفرنس کے صدر اوررکن اسمبلی ہندوارہ سجاد لون نے اسمبلی میں حکومت پر کمرشل لیز سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے پر سخت تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ تین اجلاسوں سے مسلسل اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں، تاہم ان کے سوالات کا جواب نہیں دیا جارہا۔ ان کے مطابق دو بجٹ اجلاسوں کے دوران بھی کمرشل لیز سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔سجاد لون نے کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ سرکاری زمین کا کتنا حصہ کمرشل لیز پر دیا گیا ہے اور اس سے کتنی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ایک سابق اجلاس میں اسپیکر کو باقاعدہ خط بھی لکھا تھا، جس میں مداخلت کی درخواست کی گئی تھی اور انہیں تحریری یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ معلومات فراہم کی جائیں گی، مگر اب تک ایسا نہیں ہوا۔حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہم معلومات کو چھپانا شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں کے منافی ہے، اور اس طرح کی روش اسمبلی کے وقار کو متاثر کرتی ہے۔