جموں//سابقہ ممبر اسمبلی ست شرما نے محکمہ صحت عامہ پر زور دیا ہے کہ آنیوالے موسم گرما میں جموں ویسٹ میں پانی کی باقاعدہ سپلائی یقینی بنائی جائے۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے منگل کے روز وارڈ نمبر 40کا طویل دورہ کرکے وہاں مکینوں کو در پیش مسائل کی جانکاری حاصل کی۔انکے ہمراہ وارڈ کی کارپوریٹر نیلم نرگوترہ ،بی جے پی کے ضلع صدر ایودھیا گپتا،محکمہ صحت عامہ کے اہلکار ، علاقہ کے مقامی لوگوں و سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی تھی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںانہوںنے کہا کہ ہماری ٹیم نے ہر ایک گھر کا دورہ کیا ،جس دوران ہمیں بتایا گیا کہ چند گھروںمیں پانی کی شدید قلت ہے، جس پر یہ شکایت متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو بھیجی گئی جنھوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آنیوالے موسم گرما میں پانی اور بجلی کی مانگ میں اضافہ ہوگا جسکے لئے متعلقہ افسروں سے بات کی گئی ہے ،تاکہ جموں ویسٹ کے تمام 26وارڈوں میں سے کسی بھی گھر کو پانی اور بجلی کی کمی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب ہی حلقہ کی دیگر سڑکوں پر بھی میکڈم بچھایا جائے گا، تاکہ حلقہ کے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اے ای ای راجیش سیٹھی، جے ای محکمہ صحت عامہ، بی جے وائی ایم کے نائب صدر اننو گھئی، وارڈ صدر یش پال،ساہل کول، منسا رام ،جوگیندر ،آشا، دیو راج ،ونود گپتا اور متعدد بی جے پی لیڈران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔