منڈی// سب ضلع ہسپتال منڈی میں الٹرا سائونڈ کرنے والے ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے بیماروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ہسپتال میں الٹرا سائونڈ میش تو موجود ہے مگر مشین کو چلانے والا ڈاکٹر گزشتہ تین ماہ سے نہیں ہے جس کی وجہ سے تحصیل منڈی کے ان مریضوں کو ضلع ہسپتال پونچھ الٹرا سائونڈ کروانے جانا پڑتا ہے جنہیں منڈی ہسپتال میں ڈاکٹر الٹرا سائونڈ کروانے کی صلح دیتے ہیں۔ اس حوالے سے متعدد مریضوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے سب ضلع ہسپتال منڈی میں الٹرا سائونڈ نہیں ہو پا رہا ہے جس کی وجہ سے نہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رشیدہ بیگم نامی ایک مریضہ نے بتایا کہ انہیں سب ضلع ہسپتال منڈی کی زنانہ ڈاکٹر نے الٹرا سائونڈ کروانے کی صلح دی جس کے لیے انہیں پونچھ جانا پڑا ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق منڈی تحصیل کے سرحدی علاقہ ساوجیاں سے ہے اور وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ جانے کیلئے ان کے پاس اتنے وسایل نہیں تھے مگر الٹرا سائونڈ کروانا انہیں ضروری تھا جس کے لئے انہوں نے کسی دوسرے شخص سے ایک ہزار روپیہ ادھار لیا اور اس کے بعد بھی انہیں پونچھ جا کر پانچ سو روپیہ دے کر ایک نجی کلنک سے الٹراسائونڈ کروانا پڑا۔ رابطہ کرنے پر بلاک میڈیکل آفسر منڈی ڈاکٹر نصرت نساء نے کہاکہ اس حوالے سے انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو تحریری طور پرمطلع کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کچھ نئے ڈاکٹروں کی ہسپتال میں تعیناتی ہو ئی ہے جن میں سے کسی بھی ایک ڈاکٹر کو الٹرا سائونڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے گا اور ایک دو ماہ میں منڈی ہسپتال میں بھی الٹرا سائونڈ ہونا شروع ہو جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے چیف میڈیکل آفسر پونچھ کو بھی کہا ہے کہ سرنکوٹ ہسپتال میں دو ڈاکٹر ایسے ہیں جو الٹر سائونڈکر سکتے ہیں، ان میں سے تب تک ایک ڈاکٹر کی تعیناتی منڈی ہسپتال میں کی جائے مگر ابھی تک ان کی طرف سے ایسا نہیں کیا گیا۔اس حوالے سے جب ناظم صحت جموں ڈاکٹر رینو کا شرما سے بات کی گئی تو انہوںنے منڈی ہسپتال میں ریڈیالوجسٹ یا سونالوجسٹ کی تعیناتی سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈاکٹر ہی نہیں ہیں تو تعیناتی کہاں سے ہوگی ۔ان کا کہناتھا’’ ہمارے پاس ریڈیا لوجسٹ نہیں ہیں اور ہم تعینات نہیں کرسکتے ہیں‘‘۔